Message of the Prime Minister on Ramzan Ul Mubarak

رمضان المبارک  1439ھ/ 2018ء کے آغاز پر
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب شاہد خاقان عباسی کا پیغام 
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ  
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ 
میں رمضان المبارک کی آمد پرتمام عالم اسلام اور اہل وطن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا فضل وکرم ہے کہ ہمیں اِس ماہِ مبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع میسر آیا ہے۔میری دُعا ہے کہ ہم سب کی زندگی میں اِس طرح کے مبارک مواقع بار بار آتے رہیں۔
رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا ایسا مہینہ ہے جس میں ہم اپنے خالق کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے حلال کاموں سے بھی ایک مخصوص وقت کے لئے اجتناب کرتے ہیں۔رمضان کا مہینہ ذاتی محاسبہ کا مہینہ ہے۔یہ اپنی ذات کے حوالے سے نظرثانی اور اصلاح کا مہینہ ہے۔یہ مہینہ اپنی خواہشات اور اپنے نفس پر قابو پانے کی تربیت ہے اس کے ذریعے مومنین میں یہ صلاحیت پیدا ہوجاتی ہے کہ وہ صبراور نظم و ضبط کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔
عزیز ہم وطنو!
انفرادی اور اجتماعی طور پرکامیابی کا دارومدار نظم و ضبط اور درست سمت کے تعین و پیروی پر منحصر ہوتاہے۔اپنی زندگیوں اور معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے لئے ہمیں اپنے طرزِ عمل کو اس ضابطہ کارکے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے جس کی ہمیں ہمارے دین نے راہ دکھلائی ہے۔ انفرادی طور پر جہاں ہمیں نظم و ضبط، قوانین کی پاسداری اور خود احتسابی کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر اپنی منزل کے حصول کی طرف بڑھنا ہے وہاں قومی سطح پر ہمیں اپنے اندر اتحاد و اتفاق، رواداری اور مثبت سوچ جیسے اعلیٰ اوصاف پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ان اعلیٰ اخلاقی اقدار کو ہماری زندگی میں شامل کرنے میں روزہ بنیادی کردار ادا کرتا ہے لہٰذا ہمیں اس ماہ ِمبارک کا خصوصی اہتمام و احترام کرنا چاہیے -      
میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں پابندی سے روزے رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ میری دعا ہے کہ اس ماہ مبارک کی برکت سے اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو درپیش مسائل کے حل میں ہماری مدد فرمائے- اللہ تعالی ہم سب کا حامی وناصر ہو-  آمین  
پاکستان پائندہ باد      
٭٭٭